مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے فلسطینی اسیران اور ان کے اہل خانہ کو دیے جانے والے مالی وظائف پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو دیے جانے والے ٹیکسوں میں سے ایک بڑی رقم اس لیے منہا کریں گے کہ وہ رقم فلسطینی اسیران اور ان کے اہل خانہ کو دی جا رہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے بیان میں لائبرمین کا کہنا ہے کہ سالمن ، ھینکن خاندانوں کے قاتلوں اور یہودی ربیوں شفاش اور بن گال کے قاتلوں کو فلسطینی اتھارٹی کی طف سے ان کی وفات تک 10 ملین شیکل کی رقم ادا کی گئی ہے۔لائبرمین کا کہنا ہے کہ صیہونیوں کے قاتلوں کو فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے فوجی ملازم کے عہدے کے برابر ماہانہ رقوم ادا کی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ لائبرمین کے اس بیان سے پیشتر اسرائیلی کنیسٹ میں ایک مسودہ قانون منظور کیا گیا جس میں فلسطینی اتھارٹی کو دیے جانے والے ٹیکسوں میں کٹوتی کی منظوری دی گئی۔ مسودہ قانون میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل سے حاصل کردہ رقم کا ایک بڑا حصہ اسرائیلیوں کے قاتلوں کو ادا کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔