مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی ریاست فلسطینی اتھارٹی کے معاشی حالات بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیر خزانہ موشے کحلون نے کہا ہے کہ حال ہی میں انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خزانہ شکری بشارہ سے ملاقات کی جس میں فلسطینی اتھارٹی کو درپیش معاشی مشکلات اور ان کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔موشے کحلون کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے سیاسی عمل میں پیش رفت ممکن ہے۔ ایسا ہم معاشی حالات کو بہتر بنا کر سکتے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کی معاشی حالت کی بہتری ضروری ہے۔
گذشتہ ہفتے امریکی وزیرخزانہ اسٹیفن موشین اور اسرائیلی وزیر خزانہ کحلون نے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں فلسطینی اتھارٹی کے اقتصادی مسائل پر بات کی۔ خیال رہے کہ آئندہ سال جنوری میں سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر اسرائیلی اور فلسطینی وزراء خزانہ بھی شرکت کریں گے۔