قاہرہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر بات چیت کے لیے مصر کے سیکیورٹی وفد نے اسرائیل کا دورہ کیا اور صیہونی حکام کے ساتھ بات چیت کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصری سیکیورٹی وفد نے اسرائیل کی سیاسی اور فوجی قیادت کے ساتھ ملاقات میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی پر بات چیت کی اور جنگ بندی کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر بات چیت کی گئی۔مصری وفد نے ایک ایسے وقت میں اسرائیل کا دورہ کیا ہے جب دوسری طرف فلسطینی تنظیموں کی قیادت قاہرہ میں ہے جہاں مصری حکومت کے زیر نگرانی فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اورغزہ میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے امور پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور اسرائیل کے درمیان کئی ماہ سے جنگ بندی کے لیے مصر اور اقوام متحدہ کے زیرنگرانی بات چیت جاری ہے۔ مصر فلسطینی دھڑوں میں مصالحتی مذاکرات کی بھی نگرانی کررہا ہے تاہم اس سلسلے میں تا حال کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔