(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر بیت لحم میں نامعلوم فلسطینی شہریوں کی طرف سے ایک کار پر سنگ باری کی گئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک یہودی آباد کار خاتون زخمی ہو گئی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بیت لحم میں قائم یہودی کالونی’’بیتا عیلیت‘‘ کی شاہراہ 60 پر پیش آیا۔ سنگ باری سے اسرائیلی خاتون کی کار کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہ معمولی زخمی ہو گئی۔زخمی یہودی آبادکارہ کو بیت المقدس میں ’عین کارم‘ نامی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا تاہم مرہم پٹی کے بعد اسے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
واقعے کے فوری بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تاہم سنگ باری کرنے والے فلسطینی بہ حفاظت وہاں سے فرار ہو چکے تھے۔
