عمان – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اردن کے دارالحکومت عمان میں اسرائیلی سفارت خانے میں تشدد کے واقعے میں دو اردنی شہری جاں بحق اور ایک اسرائیلی شدید زخمی ہو گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اردن کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ ’’عمان کے علاقے ربیعہ میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کی عمارت کے اندر اتوار کو تشدد کا یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ زخمی اسرائیلی کی حالت تشویش ناک ہے‘‘۔اس واقعے کے بعد سفارت خانے کے ارد گرد واقع شاہراہوں پر اردنی سکیورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا ہے۔ تاہم فوری طور پر یہ پتا نہیں چل سکا ہے کہ تشدد کا یہ واقعہ کیسے پیش آیا ہے۔
اسرائیل اور اردن کے درمیان 1994ء میں امن معاہدہ طے پایا تھا اور تب سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات استوار ہیں لیکن حالیہ دنوں میں مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کے سکیورٹی اقدامات کے نتیجے میں دونوں ملکوں میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔
جمعہ کو ہزاروں اردنی شہریوں نے عمان میں نماز جمعہ کے بعد اسرائیل کے خلاف ریلیاں نکالی تھیں۔ انھوں نے اسرائیل کے مسجد الاقصیٰ میں سکیورٹی اقدامات اور فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں کی شدید مذمت کی تھی۔واضح رہے کہ اردن مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ سمیت مقدس اسلامی مقامات کا متولی ملک ہے۔