فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنے ایک بیان میں مقبوضہ فلسطین میں صیہونی بستیوں کی تعمیرکا کام تیز کر نے کے منصوبوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یک طرفہ اقدامات دوریاستوں کی تشکیل پر مبنی حل کی بنیاد پر امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا کہ اقوام متحدہ کی نگاہ میں دوریاستوں کے قیام پر مبنی حل کے علاوہ اور کوئی دوسراحل نہیں ہے۔ اسٹیفن دوجاریک نے نئی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے لئے اسرائیلی حکومت کے منصوبے کے اعلان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ہرطرح کے یکطرفہ فیصلے پر کہ جو دو ریاستوں کے راہ حل کے لئے رکاوٹ پیدا کرے سخت تشویش لاحق ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہا کہ مشرقی بیت المقدس اور غرب اردن میں صیہونی حکومت کی جانب سے صیہونی بستیوں کی تعمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اقوام متحدہ اور دنیا کے بہت سے ممالک ، صیہونی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی اقدام قرار دیتے ہیں اور اسے مقبوضہ فلسطین میں امن کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گذشتہ جمعے کو مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کی جانب سے صیہونی بستیوں کی تعمیر کو فوری طور پر روکنے کے لئے ایک قرارداد منظور کی ہے – اس قرارداد کے حق میں چودہ ووٹ ڈالے گئے جب کہ امریکہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
دوسری طرف یورپی یونین نے بھی خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر، دوریاستوں کے قیام پر مبنیحل کو بری طرح کمزور کردے گی۔ یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ اسرائیل عالمی برادری کی جانب سے مسلسل اور شدید تشویش کا اظہار کئے جانے اور ہر سطح پر ہونے والے شدید احتجاج کے باوجود اس پالیسی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس بیان میں آیا ہے کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھنا یورپی یونین کی بلند مدت پالیسیوں کے برخلاف ہے۔ یورپی یونین بھی اقوام متحدہ کی طرح فلسطین اور اسرائیل کے درمیان صلح کے لئے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتی ہے جبکہ امریکہ کے نئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غرب اردن میں ڈھائی ہزار نئے رہائشی مکانات کی تعمیر کی مذمت نہیں کی ہے۔ صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم نتن یاہو اور وزیر جنگ آویگدور لیبرمین نے ڈھائی ہزار رہائشی مکانات کی تعمیر کے منصوبے کو منظوری دے دی ہے۔ صیہونی حکومت نے اتوار کو امریکی صدر ٹرمپ کے دور صدارت کے دوسرے ہی دن بیت المقدس میں پانچ سو ساٹھ رہائشی مکانات کی تعمیر کی منظوری دے دی تھی۔