مقبوضہ بیت المقدس ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی اخبارات کی رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک میں ایک نیا فریڈم فلوٹیلا تیار کیا گیا ہے جسے امدادی سامان کے ساتھ سویڈن فلسطینی محصور علاقے غزہ کی پٹی کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چار بحری جہاز امدادی سامان لے کر سویڈن کی ’‘گیٹبرگ‘ بندرگاہ سے عالمی پانیوں میں داخل ہوگئے ہیں جہاں سے وہ بعض دیگر یورپی ممالک کی بندرگاہوں سے ہوتے ہوئے غزہ پہنچیں گے۔رپورٹ کے مطابق غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے آنے والے امدادی قافلے میں سیکڑوں انسانی حقوق کارکن، سیاسی اور سماجی رہ نما اور یکجہت کار شامل ہیں۔ ان سب کا متفقہ مطالبہ ہے کہ اسرائیل غزہ کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کرے۔
خیال رہے کہ پہلا فریڈم فلوٹیلا 29مئی 2010ء کو ترکی سے غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہوا تھا۔ اسرائیلی فوج نےÂ اس قافلے پر شب خون مار کر نو ترک امدادی کارکنوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کرنے کے بعد ہزاروں ٹن امدادی سامان لوٹ لیا تھا۔ اس کے بعد عالمی امدادی کارکن مسلسل تین بار غزہ کی پٹی کے لیے امدادی قافلے روانہ کرتے رہے ہیں۔ سنہ 2011ء میں فریڈم فلوٹیلا 2، 2015ء میں فریڈم فلوٹیلا 3 روانہ کیے گئے۔