مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی اخبارات نے کہا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے رات کے اوقات میں ہونے والے مظاہروں سے صیہونی فوج پریشان ہے اور ان مظاہروں سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے رات کے اوقات میں ہونے والے مظاہروں سے خوف زدہ ہے کیونکہ فلسطینی رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھاہ کر سرحد عبور کرکے صیہونی کالونیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔اسرائیل دفاعی تجزیہ نگار ’عاموس ھارئیل‘ کا کہنا ہے کہ فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی فوج کی کمزوری پکڑ لی ہے۔ رات کے وقت مظاہرے فلسطینیوں کے لیے فائدہ مند اور اسرائیلی فوج کے لیے نقصان دہ ہے۔
ہارئیل کا کہنا ہے کہ فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کے مختلف حربوں کا استعمال زیادہ فعال ثابت نہیں ہوا۔ اندھیرے میں مظاہرین تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہیں جب کہ صیہونی فوج غلطی سے فلسطینی مظاہرین کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر انہیں شہید اور زخمی کرسکتی ہے جس اسرائیل کو عالمی تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہری 30 مارچ 2018ء سے غزہ کی مشرقی سرحد پر حق واپسی غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے ان مظاہروں کے دوران تشدد کے حربوں کے نتیجے میں 186 فلسطینی شہید اور 20 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔