مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تل ابیب کے رابین اسکوائر میں 1948کے مقبوضہ علاقوں کے سینکڑوں باشندوں نے ایک احتجاجی مظاہرے میں صہیونی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تل ابیب میں سینکڑوں افراد نے صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور غزہ کی پٹی کے مسئلے کے خاتمے کا مطالبہ کیا.مظاہرین نے غرہ کی پٹی میں بڑھتے ہوئے تشدد اور تنازعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نعرے لگائے اور غزہ میں فوجی آپریشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر غزہ کے مسئلے کے حل اور تشدد کے خاتمے پر تاکید کی۔ مظاہرین نے اسی طرح مقبوضہ علاقوں اور صیہونی بستیوں کےرہائشیوں کے مابین برابری اور عدل و مساوات کی برقراری پر تاکید کی۔
گذشتہ 21 ہفتوں سے اسرائیلی فوج کی غزہ کے شہریوں پر بہیمانہ فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 170 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تقریبا 18 ہزار فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے پرامن مظاہرے کو کچلنے کے لئے براہ راست گولیوں کا استعمال کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود نہ فقط عالمی ادارے خاموش ہیں بلکہ امریکہ کھل کر اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے۔