فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیتن یاھون نے تل ابیب میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس نوعیت کے حملوں کی روک تھام کا عزم کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں حملہ بزدلانہ حرکت ہے اور وہ اس کا بدلہ لیں گے۔ نیتن یاھو نے کہا کہ ہم نے فوج اور سیکیورٹی اداروں کو چوکس کر دیا کہ وہ امن وامان کے قیام میں کسی کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔
بعد ازاں اسرائیلی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے نیتن یاھو نے کہا کہ تل ابیب پرحملہ اسرائیلی ریاست پرحملہ ہے۔ اسرائیل میں حملے کرنے والوں کو سیکیورٹی ادارے گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ حملے کرنے والوں اور ان کی حمایت کرنےوالوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تل ابیب حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بدھ کی شام اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی فائرنگ سے چار یہودی ہلاک اور سات زخمی ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دونوں حملہ آوروں کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔