فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنان کی مقامی تنظیموں اور وہاں پر موجود فلسطینی نمائندہ جماعتوں کی طرف سے حماس کے دفتر میں بھیجے گئے پیغامات میں بیت المقدس میں نو اکتوبر کو ہونے والے فدائی حملے کی حمایت کی گئی ہے اور اس کارروائی پرحماس اور فلسطینی قوم کو مبارک باد پیش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ نو اکتوبر کو بیت المقدس میں ایک فلسطینی شہری نے اسرائیلی فوج کو گرفتاری دینے کے بجائے صہیونیوں پر فائرنگ کرکے دو غاصب فوجیوں کو ہلاک اور 6 کو زخمی کردیا تھا۔ صہیونی فوج نے جوابی فائرنگ کرکے حملہ آور مصباح ابو صبیح کو شہید کر دیا تھا۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی مقامی تنظیموں، فلسطینی جماعتوں، علماء، سماجی اور سیاسی رہنما اور فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کے نمائندگان نے اپنے اپنے پیغامات میں حماس اور پوری فلسطینی قوم کو بیت المقدس میں موثر فدائی حملہ کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
