(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے سات فلسطینی شہریوں پر یہودی آباد کاروں پر سنگ باری کرنے، آتش بازی کرنے اور دیگر الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرقی بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے سات فلسطینیوں کو اسرائیل کی ایک فوجی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اسرائیلی ملٹری پراسیکیوٹر کی جانب سے ساتوں فلسطینیوں کے خلاف متعدد الزامات کے تحت فردم جرم پیش کی گئی، جسے عدالت نے من و عن قبول کرتے ہوئے فلسطینیوں پر عائد کردیا۔رپورٹ کے مطابق فرد جرم کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کی عمریں 17 سے 21 سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق مشرقی بیت المقدس کےالعیساویہ قصبے سے ہے۔ ان میں سے بعض تنظیم آزادی فلسطین کے طلبہ ونگ سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔ ان پر یہودی آباد کاروں، پولیس اور فوجیوں پر سنگ باری کرنے، ٹرینوں اور بسوں پر پتھراؤ کرنے، پٹرول بم پھینکنے اور سوشل میڈیا پر اسرائیل مخالف مواد پوسٹ کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئےہیں۔
