فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ان خیالات کا اظہار شرکاء نے لاہور پریس کلب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ ” دفاع القدس وآزادی فلسطین سیمینار” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینارسے معروف سیاسی ،مذہبی جماعتوںکے مرکزی رہنماؤں نے خطاب کیا فلسطین فائونڈیشن سے عثمان موئید،جماعت اسلامی سے فرید پراچہ،آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی، پی ٹی آئی سے اعجاز چوہدری ،،مسلم لیگ ق سے کامل علی آغا اور مجلس وحدت مسلمین سے ناصر عباس شیرازی نے خطاب کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین میں غیر قانونی آباد کاریوں کا نوٹس لے اور بیت المقدس کے مسئلہ پر امریکی کی اسرائیل کے لیے حمایت درست اقدام نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی حریت پسند قوم ہیں اور آج بھی وہ نہتے ہو کر اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں جبکہ اسرائیلی بزدلانہ اقدام ان کے مصمم ارادوں پر اثر انداز نہیں ہوئے۔ دنیا بھر میں اسرائیل کے ناپاک عزائم ناکام ہو رہے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم دنیا متحد ہو جائے اور فلسطین کی آزادی کے لئے مشترکہ جدوجہد پر توجہ مرکوز کریں۔
جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل پوری انسانیت کا دشمن ہے اور دنیا بھر سے اسلامی مقدسات کا خاتمہ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فلسطین جل رہا ہے اور قبلہ اول بیت المقدس صیہونی شکنجہ میں ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عمومی طور پر انسانیت کیلئے اور خاص طور پر عالم اسلام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،مسلم لیگ ق کے رہنماء کامل علی آغا نے کہا مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ ہے، القدس کی آزادی ہر مسلمان کی دینی و ایمانی فریضہ ہے ۔
فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنماء عثمان موئید نے کہا بیت القدس سمیت مقبوضہ فلسطین کی آزادی کیلئے عالم اسلام کو متحد کرکے بھرپور جہاد ہونا چاہیئے، مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے اور اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دنیا بھر میں دہشتگردی کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، مسلمان حکمران قبلہ اوّل کی بازیابی کیلئے عملی جدوجہد کریں۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے کہا تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوام اسرائیل سے اظہار برات کرکے مظلوم فلسیطنیوں سے یکجہتی اور صہیونی اسرائیل سے نفرت کا اظہار کریں اورعالمی سطح پر واضح پیغام دیں کہ فلسطین کاز کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم متحد ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے پاکستان کو چند ارب ڈالر دینے کی باتیں پاکستانی قوم کی توہین ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی پاکستان نے دی ہے۔
Â





