(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) آئندہ ہفتے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اپنے دورہ یورپ کے دوران امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے بھی ملاقات کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جان کیری اور نیتن یاھو کے درمیان ملاقات کسی یورپی ملک میں ہو گی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنما حال ہی میں فرانس کی میزبانی میں منعقدہ بین الاقوامی مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کے تناظر میں تبادلہ خیال کریں گے۔قبل ازیں نیتن یاھو اور جان کیری پیرس عالمی امن کانفرنس کے حوالے سے ٹیلیفون پر بھی ایک دوسرے سے بات چیت کر چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے نیتن یاھو کے ساتھ ساتھ جان کیری بھی یورپ کے دورے پرہوں گے اور کسی ملک میں ان دونوں کی ملاقات بھی ہوگی، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا یہ ملاقات کب اور کہاں ہو گی۔
آئندہ ہفتے یورپی وزراء خارجہ برسلز میں ایک اجلاس میں بھی پیرس کی میزبانی میں منعقدہ مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کے موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے۔
خیال رہے کہ پیرس کی میزبانی میں رواں جون کے اوائل میں مشرق وسطیٰ امن کانفرن منعقد ہوئی تھی، جس میں بیس سے زائد ملکوں کے مندوبین نے شرکت کی تھی۔ فلسطینی اتھارٹی نے اس کانفرنس کا خیر مقدم کیا تھا، تاہم اسرائیل نے اس کی سخت مخالفت کی تھی۔ اس کانفرنس میں فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی پر زور دیا گیا تھا۔