عمان – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اردن کی ایک اپیل عدالت نے سیاسی پناہ گزین کی حیثیت سے عمان میں مقیم فلسطینی مزاحمت کارخاتون رہنما کو تفتیش کے لیے’ایف بی آئی‘ کے حوالے کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے’ایف بی آئی‘ نے حال ہی میں اپنی ویب سائیٹ پر فلسطینی نژاد احلام تمیمی کو انتہائی خطرناک دہشت گرد قرار دے کر اس کی امریکا کی حوالگی کے لیے انٹرپول کی مدد سے اردن کو درخواست دی تھی۔ امریکی مطالبے پر حتمی فیصلہ ایک عدالت نے کرنا تھا۔ گذشتہ روز عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ احلام تمیمی کو امریکا کے حوالے کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔اردنی عدالت نے احلام تمیمی کو امریکا کے حوالے نہ کرنے کا سابقہ عدالتی فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ احلام تمیمی نے آج سے کئی سال قبل بیت المقدس میں ایک ہوٹل میں خود کش حملے میں معاونت کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا استعمال کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک امریکی سمیت پندرہ اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے۔
اردنی عدالت کے ایک ذمہ دار ذریعے کا کہنا ہے کہ اردن اور امریکا کے درمیان 28 مارچ 1995ء کو مفرور مجرموں کی حوالگی کا ایک معاہدہ طے پایا تھا تاہم دستوری مراحل میں اردنی پارلیمنٹ نے اس کی منظوری نہیں دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور اردن کی حکومتوں کےدرمیان طے پایا معاہدہ نافذ العمل نہیں ہوسکتا۔ اس لیے عدالت امریکا کو مطلوب کسی شہری کو امریکی حکام کے حوالے کرنے کا فیصلہ نہیں دے سکتی۔
احلام عارف تمیمی کا تعلق بیت المقدس سے ہے۔ وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام میں شمولیت اختیار کی۔ سنہ 2001ء میں بیت المقدس میں قائم ’سپارو‘ ہوٹل میں ایک فدائی حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ عزالدین المصری نامی ایک فلسطینی نے کیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے اس حملے میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے الزام میں احلام کو حراست میں لیا اور اس پر مقدمہ چلایا گیا اسے اس حملے میں قصور وار قرار دے کر 16 بار تا حیات عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ سزا پانے کے بعد وہ سنہ 2011ء تک اسرائیلی زندانوں میں قید رہیں تا آنکہ اسرائیل اوراسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے درمیان طے پائے معاہدے کے تحت اسے رہا کردیا گیا۔ رہائی کے بعد اسے اردن جلا وطن کردیا گیا۔ تب سے وہ اردن ہی میں مقیم ہیں۔
قبل ازیں اردن کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے احلام تمیمی کی امریکا حوالگی کو شرائط کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اس کی حوالگی کی درخواست مسترد کردی تھی۔