(فلسطین نیوز،مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کے نائب صدر جو بائیڈن آئندہ منگل کو دو روزہ دورے پر اسرائیل پہنچ رہے ہیں جہاں وہ صہیونی قیادت سے ملاقاتوں میں اسرائیل کی فوجی امداد کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن اپنے دورہ اسرائیل کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور دیگر عہدیداروں سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔توقع ہے کہ ان ملاقاتوں میں فلسطین کی موجودہ صورت حال اور خطے میں تیزی سے بدلتے حالات کے تناظر میں اسرائیل کی فوجی امداد میں اضافے کے لیے بات چیت کی جائےگی۔
خیال رہے کہ امریکی نائب صدر ایک ایسے وقت میں اسرائیل کے دورے پرآ رہے ہیں جب فلسطین میں اسرائیل کی غیرقانونی یہودی آباد کاری جاری ہے۔امریکی حکام کی جانب سے جوبائیڈن کے دورے کا اعلان اس لیے نہیں کیا گیا کیونکہ خدشہ ہے کہ ان کی آمد سے قبل مشرقی بیت المقدس اور مغربی کنارے میں اسرائیل یہودی توسیع پسندی کے نئے منصوبوں کا اعلان نہ کرے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ واشنگٹن کے عہدیداروں کی جانب سے اسرائیلی حکام سے ٹیلیفون پر کی جانے والی بات چیت میں ان سے کہا تھا کہ وہ جوبائیڈن کے دورہ اسرائیل کا اعلان نہ کریں۔ ساتھ ہی اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ جوبائیڈن کے دورے کے دوران فلسطینی علاقوں میں متنازع یہودی کالونیوں میں توسیع کے اعلانات سے گریز کریں۔
