اسلام آباد – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے کسی بھی ملک کے سفارتخانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کئے جانے کو سلامتی کونسل کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں ، امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کئے جانے پر مبنی نومنتخب امریکی صدر کے بیان کی مخالفت میں کہا کہ مشرق وسطی میں امن و صلح کے قیام کی ضمانت کا واحد راستہ، آزاد فلسطینی مملکت کا قیام ہے کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔ ملیحہ لودی نے کہا کہ صیہونی حکومت نے پچاس سال سے زائد عرصے سے اقوام متحدہ کے منشور اور قوانین سے بے توجہی برتتے ہوئے غرب اردن کو طاقت اور جارحیت کے زور پر اپنے قبضے میں کرلیا ہے۔پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ فلسطین کی مقدس سرزمین ، عالم اسلام کا دل ہے اور فلسطین اور اس کے عوام کے تعلق سے جو بھی واقعہ رونما ہوتا ہے اس سے پورا علاقہ متاثر ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردیں گے جس پر فلسطینی گروہوں اور عالمی سطح پر بھی وسیع ردعمل ظاہر کیا گیا ہے۔