نیویارک (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکا نے سلامتی کونسل میں بیت المقدس سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کی حمایت میں رائے شماری میں حصہ لینے والے ملکوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کی ہیں۔ دوسری جانب ترکی اور یمن کی درخواست پر آج جمعرات کو اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ترکی اور یمن کی درخواست پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج جمعرات کو طلب کیا گیا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں عالمی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ انہیں یو این میں متعین امریکی مستقل مندوبہ نیکی ہالے کی طرف سے دھمکی آمیز مکتوبات موصول ہوئے ہیں۔ ان مکتوبات میں القدس سے متعلق قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالنے والے ملکوں کو اس اقدام کےسنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ آج جمعرات کو جنرل اسمبلی ایک نئی قرارداد منظور کرے گی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ بیت المقدس کواسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کا فیصلہ واپس لیں۔
