مکہ مکرمہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) سعودی فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اعزازی حج اسکیم کے تحت فلسطین کے ایک ہزار عازمین سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں مکہ مکرمہ میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی طرف سے شہداء و اسیران کے اہل خانہ کے ایک ہزار افراد کے لیے مفت حج کی اسکیم کے تحت ایک ہزار مرد اور خواتین عازمینÂ اردن اور مصر کے راستے سعودی عرب پہنچے جہاں سرکاری عمال نے ان کا استقبال کیا۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی اعزازی حج اسکیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن علی بن عبداللہ الزغیبی اور دیگر حکام نے فلسطینی عازمین حج کا اسقبال کیا۔ انہیں پھول اور تحائف پیش کیے۔
ادھر فلسطینی وزیر برائے مذہبی امورالشیخ یوسف ادعیس نے کہا ہے کہ غرب اردن سے تعلق رکھنے والے اعزازی حج اسکیم کے عازمین اردن میں ملکہ عالیہ ہوائی اڈے سے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے جب کہ غزہ سے تعلق رکھنے والے شہداء کے اقارب کو مصر کے راستے مکہ معظمہ میں ان کی اقامات گاہوں تک لے جایا گیا۔
یوسف ادعیس کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے فلسطینی شہداء کے اقارب کے لیے اعزازی حج اسکیم فلسطینی قوم کے لیے تحفہ ہے اور یہ پہلا موقع نہیں بلکہ سعودی حکومت کئی سال سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی قوم سعودی حکومت کی طرف سے اعزازی حج اسکیم پر ریاض کے شکر گزار ہے۔