مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر ایک نیا الیکٹرانک سسٹم نصب کرنا شروع کیا ہے۔’اسکائی سپوٹر‘ کے نام سے سامنے آنے والے اس سسٹم کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فلسطینیوں کے آتشی کاغذی جہازوں اور گیسی غباروں کا مؤثر توڑ ثابت ہوگا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اخبار’ٹائمز آف اسرائیل‘ نے انکشاف کیا ہے کہ ’اسکائی سپوٹر‘ سسٹم کو حال ہی میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ نظام غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کی جانب سے پھینکے گئے آتش گیر کاغذی جہازوں کی نشاندہی کرنے میں مدد دے گا اور ان کاغذی جہازوں اور گیسی غباروں کو زمین پر گرنے سے قبل ہی تلف کیا جاسکے گا۔عبرانی اخبار کے مطابق نیا سسٹم سرحد پر نگرانی اور مانیٹرنگ کے عمل میں موثر ثابت ہوگا۔ اس سسٹم کی مدد سے نشاندہی ہونےکے ساتھ ہی متاثرہ مقامات پر فائربریگیڈ کی ٹیمیں روانہ کی جائیں گی جو گیسی غباروں کے گرنے سے لگنے والی آگ پر کم سے کم وقت میں قابو پاÂ لیں گی۔
رپورٹ کے مطابق’ اسکائی سپوٹر‘ کو اسرائیل کی دفاعی آلات تیار کرنے والی ’رفائیل‘ کمپنی نے تیار کیا ہے اور اس کی تنصیب کا کام آئندہ چند ایام میں مکمل کرلیا جائے گا۔
خیال رہے کہ غزہ کی سرحد پر 30 مارچ سے فلسطینی حق واپسی کے لیے مظاہرے کررہے ہیں۔ یہ مظاہرین سرحد کی دوسری طرف گیسی غبارے اور آتش گیر کاغذی جہاز پھینکتے ہیں جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر فصلوں میں آگ لگنے سے صیہونی ریاست کو غیرمعمولی نقصان پہنچ رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے اس غیر مہلک مزاحمتی اسلوب پر صیہونی شہ دماغ حیران ہیں اور اس کا کوئی مؤثر توڑ تیارکرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔