مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے دھمکی دی ہے کہ اگر شام میں وادی گولان کی جانب سے شامی پناہ گزینوں نے سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی طرف جانے کی کوشش کی تو انہیں روکنے کے لیے اسرائیلی فوج کو شام میں داخل ہونے کا حکم دیا جاسکتا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ویب سائیٹ ’مکان‘ کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں وادی گولان میں پناہ گزینوں کا دباؤ بڑھنے کی صورت میں انہیں روکنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان ممنوعہ علاقے میں فوج داخل کی جاسکتی ہے۔اسرائیلی فوج کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی سیکیورٹی باڑ کو پھلانگنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر فوج شام اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر اندر داخل ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ ایام میں اسرائیلی فوج نے شام کی وادی گولان میں سیکیورٹی مزید بڑھا دی ہے۔ شام میں بشارالاسد کی فوج اور باغیوں کے درمیان جاری لڑائی کے دوران لوگوں کی اسرائیل کی طرف نقل مکانی کا امکان موجود ہے۔