ڈاووس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقدہ عالمی اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر جرمن چانسلر انجیلا میرکل سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نیتن یاھو نے جرمنی کی جانب سے اسرائیل کی سلامتی کے لیے کیے گئے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیتن یاھو اور جرمن چانسلر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں ایران کے جوہری پروگرام پر بھی بات چیت کی گئی۔ نیتن یاھو نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پائے سمجھوتے میں نمائشی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کے لیے ہرممکن اقدام کرے گا۔ موجودہ معاہدے میں عالمی طاقتوں نے یہ ضمانت دی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا۔صیہونی ریاست کی سیکیورٹی کے لیے جرمن چانسلر اور جرمن حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر نیتن یاھو نے ان کا شکریہ ادا کیا۔