(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی وزیردفاع آشٹن کارٹر نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کی تمام دفاعی ضروریات پوری کرنے میں صہیونی ریاست کے ساتھ تعاون کا پابند ہے۔ اس لیے امریکا اسرائیل کی تمام دفاعی ضروریات پوری کرے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی وزیردفاع نے ان خیالات کا اظہار اپنے اسرائیلی ہم منصب اور متنازع سیاست دان آوی گیڈور لائبرمین کے ساتھ پینٹاگون میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزراء دفاع نے ملاقات میں دو طرفہ دفاعی تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس موقع پر اسرائیلی وزیردفاع نے اپنے صہیونی ہم منصب کو یقین دلایا کہ امریکا اسرائیل کی دفاعی ضروریات پوری کرنے میں صہیونی ریاست کی مدد جاری رکھے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین 30 مئی کو وزارت دفاع کا قلم دان سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بیرون ملک دورے پر گذشتہ ہفتے کے روز امریکا پہنچے تھے جہاں انہوں نے امریکی حکام کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ہے۔
لائبرمین آج بدھ کو ریاست ٹینسی میں منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں امریکی ساختہ F-35 بمبار طیاروں کی اسرائیل حوالگی کا فیصلہ کیا جائے گا، تاہم یہ طیارے رواں سال دسمبر تک صہیونی ریاست کو فراہم کئے جائیں گے۔