پیرس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا ارتکاب کر رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں پانچ سو نئے رہائشی یونٹوں کی تعمیر کا اسرائیلی فیصلہ انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے۔اسرائیل نے نئی کالونیوں کے تعمیر روکنے کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرارداد کے باوجود مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے میں پانچ سو نئے رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کی منظوری دے ی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ، اسرائیل نے سن دوہزار سولہ کے دوران بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ رپورٹ میں فلسطینیوں کی گرفتاریوں، بغیر مقدمہ چلائے انہیں حراست میں رکھنے، فلسطینی قیدیوں کو ایذائیں پہنچانے، غرب اردن میں صیہونی بستیوں کی تعمیر، اور فلسطینیوں کی روز مرہ زندگی میں رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ سال جن ایک ہزار ایک سو فلسطینیوں کو شہید کیا ہے وہ کسی طور بھی اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں تھے۔