مقبوضہ بیت المقدس ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر سال 2014ء کی جنگ کے دوران وحشیانہ بمباری سے اسکولوں کو تباہ کرنے پر اسرائیل سے ہرجانہ وصول کرنے کے لیے مشاورت کررہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے ایک بیان میں کہا کہ ’یو این‘ حکام اور اسرائیلی حکام کے درمیان جاری بات چیت میں غزہ کے اسکولوں کی مسماری پر تل ابیب سے ہرجانہ وصول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یو این ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے سنہ 2014ء کو غزہ کی پٹی پر دو ماہ تک مسلسل بمباری کرکے کئی اسکول تباہ کردیے تھے۔ ان میں بعض اسکول اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’اونروا‘ کے زیراہتمام تھے۔
خیال رہے کہ سات جولائی 2014ء کواسرائیل نے غزہ کی پٹی پر 51 دن تک مسلسل جنگ جاری رکھی جس میں 2300 سے زائد فلسطینی شہید اور 11 ہزار زخمی ہوگئے تھے۔
