(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل میں متعین مصری سفیر نے ہرٹزیلیا کے مقام پر واقع اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی ایک تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور صدر روف ریویلین کو خصوصی دعوت پر شریک کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز ہرٹزیلیا کے مقام پر مصری سفیر حازم خیرت کی رہائش گاہ پر سنہ 1952ء میں مصر میں برپا ہونے والے انقلاب کی یاد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں اسرائیلی صدر اور وزیراعظم دونوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ دونوں اہم شخصیات نے اس تقریب میں شرکت کی۔خیال رہے کہ اسرائیل میں مصری سفیر کی جانب سے سنہ 2009ء کے بعد پہلی بار اس نوعیت کی تقریب کا اہتمام کیا جس میں صہیونی ریاست کے وزیراعظم اور صدر دونوں کو شریک کیا گیا۔
اخبار معاریف کی نامہ نگار ڈانہ سومبیرگ کا کہنا ہے کہ مصری سفیر کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم صدر اور دیگر مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیتن یاھو نے کہا کہ مصر اور اسرائیل نے امن سمجھوتے کی مشترکہ تاریخ کا طویل سفر طے کیا ہے۔ دونوں پڑوسی ملک اب بھی ایک دوسرے کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے عربوں اور اسرائیلی کے درمیان امن سمجھوتے ضروری ہیں۔