(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے اپنے ہفتہ وار اجلاس کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم دسیوں یہودیوں کالونیوں میں نئے تعمیراتی اور سیاحتی منصوبوں کے لیے 72 ملین شیکل کے اضافی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔
عبرانی اخبار’’یدیعوت احرونوت‘‘کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے غرب اردن میں قائم یہودی کالونیوں میں تعمیراتی کاموں کے لیے 72 ملین شیکل کی رقم منظور کی ہے۔اخباری بیان میں کیا گیا ہے کہ 15 ملین شیکل سیاحت،10 ملین شیکل عارضی عمارتوں کو مستقل کرنے اور 15 ملین شیکل مقامی کونسلوں کو فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں کے قیام کے لیے بھی بھاری رقوم مختص کی گئی ہیں۔
عبرانی اخبار’’ہارٹز‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس سے قبل حکمران جماعت لیکوڈ اور اس کی اتحادی جیوش ہوم کے درمیان مذاکرات میں مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں کے لیے 350 ملین شکل بجٹ کی منظوری پر اتفاق کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے یہودی کالونیوں کے لیے اضافی بجٹ کی منظوری میں سیکیورٹی سے متعلق منصوبے شامل کیے ہیں۔ خاص طورپر پچھلے سال اکتوبر کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ القدس کے بعد یہودی کالونیوں کی ماضی کی نسبت زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔