(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے جزیرہ نما النقب میں قائم ایک پولٹری فارم پر چھاپہ مار کر وہاں پر کام کرنے والے 40 فلسطینی ملازمین کو گرفتار کرلیا اور فارم کو بند کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جزیرہ نما النقب میں ’’شقیب السلام‘‘ قصبے میں قائم ایک پولٹری کارخانے پر چھاپہ مارا گیا جہاں پر کام کرنے والے چالیس فلسطینی مزدروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارخانے کو فلسطینی شہریوں کو ٖغیرقانونی طورپر روزگار فراہم کرنے باعث بند کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پولٹری فارم اور اس سے ملحقہ کارخانے کو ایک ہفتے کے لیے انتظامی معاملات کے باعث بند کیا گیا تاکہ اس بات کی چھان بین کی جاسکے کہ اس میں کام کرنے والے فلسطینیوں کے پاس وہاں آنے اور روزگار کے لیے دستاویزات مکمل ہیں یا نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف جاری تحریک انتفاضہ کی آڑ میں اسرائیلی فوجی آئے روز فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں جیلوں میں ڈال رہے ہیں۔ نام نہاد امن وامان کی آڑ میں فلسطینی شہریوں سے ان کا روزگار چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے ایک ظالمانہ پالیسی وضع کی گئی ہے جس میں طے کیا گیا ہے کہ مغربی کنارے کا کوئی بھی فلسطینی جنوبی اور شمالی فلسطین میں کسی کام کے لیے اس وقت تک وہاں نہیں جاسکتا جب تک اسے اسرائیلی فوج کی جانب سے اجازت نہ دی جائے۔ اجازت حاصل کرنے کے بغیر وہاں جانے والے فلسطینیوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔
