(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی پولیس نے فلسطین کے سنہ 1948 ء کے مقبوضہ فلسطینی شہروں الطیبہ اور الطیرہ میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 27 مقامی فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر غیرقانونی طورپر آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود کے کاروبار کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہےکہ زیرحراست فلسطینیوں سے تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے حالیہ چند مہینوں کے دوران 200 سے زائد اسلحہ کے لین دین کے معاہدے کئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے قبضے سے جدید ترین رائفلیں، M16 کلاشنکوفیں، پستول مشین گنیں اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش فلسطینیوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ غیرقانونی طورپر بیرون ملک سے اسلحہ اسمگل کرکے مقبوضہ فلسطینی علاقے المثلث میں مجرمانہ کارروائیوں کےلیے فروخت کرتے رہے ہیں۔
حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کو ’’ریچن لیسٹیون‘‘ کے مقام پر مجسٹریٹ عدالت میں بھی پیش کیا گیا۔ عدالت نے انہیں دوبارہ پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا ہے۔
