جدہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے فلسطین کے مختلف شہروں میں جاری 23 ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں سے 12 منصوبے مقبوضہ بیت المقدس میں روبہ عمل ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’اوآئی سی‘ کے جدہ میں قائم صدر دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امداد کی منظوری مارچ میں جدہ میں ہونے والی اسلامی یکجہتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر دی گئی تھی۔فلسطین میں جاری منصوبوں میں جن اسکیموں پر رقم صرف کی جائے گی ان میں زیادہ تر صحت، تعلیم، سماجی بہبود، جامعات، اسپتالوں میں طبی آلات اور مشینری کی فراہمی، ہلال احمر فلسطین اور بیت المقدس کے منصوبے شامل ہیں۔