(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے تفتیشی سنٹر عتصیون میں قید 18 فلسطینی اسیران نے پچھلے جمعرات سے شروع کی جانے والی بھوک ہڑتال کو مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلسطینی اسیران سوسائٹی کے مطابق عتصیون میں قید 60 میں سے 18 قیدیوں نے جیل میں غیر انسانی حالات پر احتجاج کے طور پر اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسیران سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیل حکام نے فلسطینی اسیران کے مطالبات کو نہ مانا تو قیدی اپنے احتجاج میں تیزی لے آَئیں گے۔ سوسائٹی کے مطابق اسرائیلی عدالت کے احکامات کے باوجود کچھ اسیران کو ابھی تک عوفر جیل میں منتقل نہیں کئے گئے ہیں۔
اسرائیلی جیل میں قید 60 اسیران نے جیل انتظامیہ سے اپنے ذاتی سامان کی واپسی اور جیل کے ماحول میں بہتری کے مطالبے کے لئے بھوک ہڑتال شروع کررکھی تھی۔
عتصیون جیل ایک ٹرانزٹ جیل کا درجہ حاصل ہے جہاں پر قیدی صرف کچھ عرصے کے لئے رکھے جاتے ہیں اور پھر انہیں بڑی جیلوں میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ اسے اسرائیل کے سب سے بدترین جیلوں میں شمار کیا جاتا ہے اور یہ اسرائیلی فوج کے دائرہ کار میں آتی ہے۔