مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت کی ایک سینیر عہدیدار نے کہا ہے کہ اسرائیل سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں سے فوجیں نہیں نکالے گا بلکہ غرب اردن میں صہیونیوں کی تعداد ایک ملین کی جائے گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حکومت کی نائب وزیرخارجہ زیبی حطوبیلی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’اسرائیل سنہ 1967ء کےمقبوضہ فلسطینی علاقوں کو کسی صورت میں خالی نہیں کرے گا‘۔خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں 255 بڑی اور 163 چھوٹی صہیونی کالونیاں ہیں جن میں 6 لاکھ 65 ہزار صہیونی آباد ہیں۔
گذشتہ برس 23 دسمبر کو سلامتی کونسل میں فلسطین میں صہیونی آباد کاری کے خلاف ایک قرارداد متفقہ طور پرمنظور کی گئی تھی۔ سلامتی کونسل کی قرارداد2234 میں بھی صہیونی ریاست سے فلسطینی علاقوں میں صہیونی توسیع پسندی روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
قرارداد میں فلسطین میں صہیونی کالونیوں کی مخالفت اور اسرائیل سے سنہ 1967ء کے مقبوضہ عرب علاقوں سے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا گیا تھا۔