غزہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ واپسی مارچ کے شہدا نے اپنے خون سے مسئلہ فلسطین کو دوبارہ زندہ کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی شہدا کا خون بیت المقدس اور فلسطین کی سربلندی اور مستقبل کا راستہ ہے جس نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوسلو معاہدے اور اسرائیل کے ساتھ انٹیلی جینس تعاون جیسے معاملات نے فلسطینیوں کے درمیان اختلافات پیدا کیے ہیں لیکن واپسی مارچ کے تسلسل اور شہیدوں کے لہو نے قوم کو پھر سے متحد کردیا ہے۔حماس کے سربراہ نے کہا کہ واپسی مارچ کے شہیدوں نے اپنے لہو سے مسئلہ فلسطین کو ایک بار پھر عالمی سطح پر دوبارہ زندہ کردیا ہے۔اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں محاصرے کے خاتمے کی جانب ٹھوس اقدامات کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے اور رفح پاس رمضان بھر کھلی رہے گی۔
حماس کے سربراہ نے واپسی مارچ کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس فلسطینیوں کا ہے اور پر امن فلسطینی مظاہرین پر گولیاں چلانے والوں کا تعلق دہشت گردوں کی فوج سے ہے۔