غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے رکن اور جماعت کے پارلیمانی لیڈرخلیل الحیہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت مصر کے ساتھ خوش گوار تعلقات کے قیام کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت برادر ملک مصر کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔خلیل الحیہ کا کہنا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کو سہولیات دینے سے متعلق مصری حکام کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس مصر کی سلامتی اور سالمیت کی خواہاں ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے حماس رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت تنظیم آزادی فلسطین کی تشکیل نو کی پرزور حامی ہے۔ تمام فلسطینی قوتیں ’پی ای او‘ کی اصلاح اور اس کے تمام ذیلی اداروں کی تشکیل نو چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں حقیقی، دوستانہ اور مخلصانہ سیاسی شراکت کی ضرورت ہے اور فلسطینی قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی مفاہمت سے بہتر اور کوئی راستہ نہیں ہے۔