غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ مصر کی حکومت نے جماعت کی قیادت کو قومی مصالحتی مذاکرات میں شرکت کے لیے قاہرہ آنے کی دعوت دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصر کی طرف سے مذاکرات کے اگلے دور میں شرکت کی دعوت جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو دی دی گئی۔ مذکرات کا اگلا دور رواں ماہ کے دوران ہی اگلے چند روز میں ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب حماس نے مصرکی طرف سے فلسطینیوں میں مصالحتی مذاکرات کے اگلے دور میں شرکت کے لیے دعوت دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں حماس کا کہنا ہے کہ جماعت کی اندرون اور بیرون ملک مقیم قیادت قاہرہ میں قومی مصالحتی مذاکرات میں حصہ لے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس تمام حل طلب مسائل کے حل کے لیے فلسطینی قوتوں کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہے۔
خیال رہے کہ حماس اور تحریک فتح کے درمیان 12 اکتوبر کو مصر کی زیرنگرانی ایک مصالحتی معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت حماس نے غزہ کی پٹی میں اپنی حکومت ختم کرتے ہوئے تمام انتظامی امور قومی حکومت کے سپرد کرنے سے اتفاق کیا تھا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے مزید ادوار کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ فلسطینی مصالحتی مذاکرات کا اگلا دور رواں ماہ قاہرہ میں ہوگا۔
توقع ہے کہ حماس اور فتح کے درمیان مصالحتی مذاکرات کا اگلا دور 21 نومبر کو قاہرہ میں منعقد ہوگا جس میں فلسطین کی تمام قومی قوتیں شرکت کریں گی۔
