(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کل منگل کو قطر کے دورے پر آئے روسی نائب وزیرخارجہ میخائل بوگڈانوف سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قطر کے صدر مقام دوحہ میں قائم حماس کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خالد مشعل نے قطر کے دورے پر آئے روسی نائب وزیرخارجہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، حماس ، روس تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ روسی نائب وزیرخارجہ میخائل بوگڈانوف گذشتہ روز ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ قطر کے دورے پر دوحہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے قطری قیادت سے بھی ملاقات کی۔