بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لبنان میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک وفد نے لبنانی سیاسی جماعت ’تحریک امل‘ کی قیادت سے ملاقات کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے وفد نے صور شہر میں تحریک امل کے دفتر میں جماعت کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ حماس کے وفد میں جبل عامل کے علاقے کے حماس کے مندوب احمد عبدالھادی، جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن جہاد طہ اور صورت میں حماس کے سیاسی شعب کے انچارج عبدالمجید عوض شامل تھے۔تحریک امل کے دفتر میں جماعت کے عہدیداروں علی اسماعیل، صدر داؤد اور ربیع قبیسی نے حماس کے وفد کا استقبال کیا۔
ملاقات میں فلسطینی اور لبنانی عوام کےدرمیان تعلقات کو مستحکم کرنے، فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور دونوں قوموں کے مشترکہ مفادات کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور حماس کے نئے منشور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تحریک امل کی قیادت نے حماس کی نئی قیادت کے انتخاب پر مبارک باد پیش کی۔
