قاہرہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کی قیادت میں جماعت کے اعلٰی اختیاراتی وفد نے بدھ کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں دوسری فلسطینی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کی اندرون اور بیرون ملک قیادت نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں فلسطینی تنظیموں کے رہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے وفد نے اسلامی جہاد، تحریک احرار، عوامی مزاحمتی کمیٹیز، تحریک مجاھدین اور پیپلز مزاحمت موومنٹ کی قاہرہ میں آئی قیادت سے تفصیلی بات چیت کی۔
حماس اور دوسرے فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں غزہ کی پٹی کی حیاتیاتی صورت حال، جنگ بندی اور فلسطینی دھڑوں میں مصالحت پر بات چیت کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس اور دوسرے فلسطینی گروپوں کی قیادت نے تین اہم امور پر تفصیل کے ساتھ اور گہرائی میں بات چیت کی اور ان تینوں امور کے بارے میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر حماس کی قیادت نے مصر کی طرف سے فلسطینیوں کے درمیان مصالحتی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔