فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ایک بیان میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے تازہ زمینی اور فضائی حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وحشیانہ حملوں، بمباری اور فلسطینیوں کے قتل عام سے فلسطینی قوم صہیونی غاصبوں کے سامنے نہیں جھکے گی۔ اسرائیل طاقت کے استعمال سے گیم رولز تبدیل کرنے کی سازش کررہا ہے مگر اسے شکست فاش دی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فوجی طاقت کے ذریعے غزہ کے عوام کے عزم آزادی کو توڑ نہیں سکتا۔ فلسطینی قوم مجاھدوں اور غازیوں کی قوم ہے جو مسلح مزاحمت اور آزادی کے لیے جدو جہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر نئی جارحیت مسلط کی گئی اور زمین اور فضائی حملوں کے دوران 60 مقامات پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔
