فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وسطی غزہ میں نماز جمعہ کے اجتماع کے بعد اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے روہنگیا کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کرائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمان اسی طرح ریاستی دہشت گردی کا شکارہیں جس طرح فلسطینی صہیونی ریاست کی منظم دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے روہنگیا نسل کے مسلمانوں کی فوج کے ہاتھوں جاری نسل کشی کی عالمی سطح پر تحقیقات کرانے اور جنگی جرائم میں ملوث میانما کی فوج کے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمات چلانے کا مطالبہ کیا۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ پوری فلسطینی قوم اورحماس روہنگیا کے مظلوم مسلمان بھائیوں، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روہنگیا کے مسلمانوں کو وہاں کی حکومت کی طرف سے نسل کشی کا سامنا ہے۔ عالمی برادری اور عالم اسلام کو فوری طور پر روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
