فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہتھیاروں کی نمائش کا اہتمام بچوں اور بچیوں کے لیے لگائے عسکری تربیتی مرکز میں کیا گیا جس میں فلسطین کی نئی نسل کو جدید ہتھیاروں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر بچوں اور بڑی عمر کے عام شہریوں نے بھی نمائش میں شرکت کی۔
مشرقی غزہ کی پٹی میں لگائی گئی نمائش کے دوران پیادہ مجاھدین کے زیراستعمال ہتھیاروں، گوریلا کارروائیوں میں استعمال ہونے والے اسلحہ، زرہ بند، راکٹوں، توپ خانے اور انجینیرنگ سے متعلق آلات کو دکھایا گیا۔
اس کے علاوہ دیسی ساختہ میزائلوں کے ڈھانچے، ھاون راکٹ، بارودی سرنگوں سے بچانے والی زرہ اور دھواں چھوڑنے والے بم شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ’اناطولیہ‘ کے مطابق فوجی سازوسامان کی نمائش کا اہتمام ایک زیرزمین سرنگ میں کیا گیا تھا اور سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اس کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کو غزہ کی پٹی میں القسام بریگیڈ کے زیراہتمام ’’طلاء التحریر‘‘ کے عنوان سے ایک تربیتی کیمپ لگایا گیا تھا جس میں 15 اور 16 سال کے 25 ہزار بچوں اور بچیوں نے شرکت کی تھی۔