غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک تحریک انتفاضہ قدس جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ نے بدھ کو اپنے بیان میں صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینیوں کی جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حماس فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لئے اپنی پوری کوشش جاری رکھے گی۔ حماس کے رہنما نے کہا کہ ان کی تحریک جدو جہد استقامت اور انتفاضہ قدس ، غرب اردن کے فلسطینیوں اور حتی بادیہ نشین فلسطینیوں کی مدد سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا راستہ ڈھونڈ نکالے گی۔فلسطینی پارلیمنٹ میں تحریک حماس کے رکن محمد شہاب نے بھی کہا ہے کہ تحریک انتفاصہ قدس بھی صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے سے فلسطینی سرزمینوں کی آزادی کے لئے شروع ہوئی ہے اور جب تک صیہونیوں کا غاصبانہ قبضہ ختم نہیں ہوجاتا تحریک انتفاضہ قدس جاری رہے گی۔
اس درمیان معروف فلسطینی تجزیہ نگار ناصر لحام نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں غرب اردن کے بیشتر علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرلینے کے تل ابیب انتظامیہ کے خطرناک منصوبے کا ذکرکرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کی راہ میں بنیادی چیلنج کھڑے کئے جانے کی بابت خبردار کیا ہے- انہوں نے فلسطینی گروہوں کے درمیان اختلافات کے خطرناک نتائج کی جانب سے انتباہ دیتے ہوئے فلسطینی گروہوں سے کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے آپس میں متحد ہوجائیں۔