غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اسرائیلی ریاست کی طرف سے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کی شہادت پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس صیہونی ریاست کے جرائم پر خاموش تماشائی نہیں رہے گی بلکہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے کہاکہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی قوم کا دفاع قومی فریضہ ہے اور حماس اس فریضے کی انجام دہی کی کوششیں جاری رکھے گی۔ایک بیان میں انہوں نے غزہ کی پٹی میں گذشتہ روز اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی جس میں جماعت کے عسکری شعبے سے وابستہ تین مجاھدین شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مشرق میں ملکہ کے مقام پر بم باری کی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ شہید ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ احمد منیر سلیمان البسوس، 29 سالہ عبادہ اسعد خضر فروانہ اور 27 سالہ محمد توفیق محمد العرعیر کے ناموں سے کی گئی ہے اورتینوں کا تعلق مشرقی الشجاعیہ کالونی سے ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ توپ خانے سے بھی شدید گولہ باری کی۔ صیہونی فوج کی طرف سے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ کے سات مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
قبل ازیں غزہ کی مشرقی سرحد پر فلسطینیوں کی فائرنگ سے متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ ان میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔ زخمی اسرائیلی فوجیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔