(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی سعودی کوششوں کی مذمت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس نے سعودی عرب کے سابق انٹیلی جینس افسر جنرل انور عشقی کے دورہ اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے عوام کے موقف کی تعریف کی ہے۔ حماس کے ترجمان سامی ابو زہری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوششوں کی، سعودی عرب کے عوام جانب سے شدید مخالفت لائق تحسین ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے منصوبے کو ترک کردے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے اس اقدام سے اسرائیل کو فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی اور مسلم امہ کے درمیان نظریاتی اور ثقافتی اثر و رسوخ بڑھانے کا موقع ملے گا۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے سابق انٹیلی جینس افسر اور جدہ میں قائم اسٹریٹیجک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ انور عشقی نے حال ہی میں ایک سعودی وفد کے ہمراہ اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔