غزہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اسرائیلی عقوبت خانے میں وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں فلسطینی شہری کی شہادت کو صیہونی ریاست کے ہاتھوں دانستہ قتل قرار دیتے ہوئے اسیر فلسطینی عزیز عویاست کی شہادت کی ذمہ داری صیہونی ریاست پر عائد کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قسم نے ایک بیان میں کہا کہ عزیز عویسات کی شہادت صیہونی مجرموں کے جرائم میں سے ایک سنگین جرم ہے۔ترجمان نے کہا کہ صیہونی ریاست فلسطینی اسیران کو اذیتیں دے کر تحریک آزادی اور مزاحمت کی روح کچلنا چاہتی ہے مگر صیہونی دشمن فلسطینیوں ک شہید تو کرسکتا ہے مگر فلسطینی قوم کے جذبہ آزادی کو دبانے کے کسی مجرمانہ حربے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی بھائیوں کی رہائی حماس کی اولین ترجیح ہے اور جماعت صیہونی قید خانوں سے انہیں آزادی دلانے کے لیے ہرسطح پر کوششیں جاری رکھے گی۔
حماس نے اسرائیلی جلادوں کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینی عزیز عویسات کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے اور کہا ہےکہ عویسات کو جیل میں تشدد کے بعد اسپتال میں کسی قسم کی طبی سہولت مہیا نہیں کی گئی جو اس کی شہادت کا موجب بنی۔