اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں جماعت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد ملائیشیا کی حکمراں جماعت ’’امنو‘‘ کے دعوت پر کولالمپور پہنچا ہے۔ چار روزہ دورکے دوران حماس کی قیادت ملائیشیا کے حکومتی رہنماؤں سے بھی بات چیت کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق خالد مشعل کی قیادت میں حماس کا وفد کل منگل کو چار روزہ دورے پر کولالمپور پہنچا۔ وفد میں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق، سیاسی شعبے کے ارکان محمد نزال اور ماھر عبید بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ حماس کی قیادت کا یہ دورہ ملائیشیا کی حکمراں جماعت ’’آمنو‘‘ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ تاہم اپنے اس دورے میں خالد مشعل ملائیشین وزیراعظم اور کابینہ کے دیگر ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔ گذشتہ روز کولالمپور پہنچنے پرحماس کے وفد کا سرکاری پروٹوکول کے مطابق استقبال کیا گیا۔ حماس کا وفد ’’آمنو‘‘ کے سالانہ کنونشن میں بھی شرکت کرے گا۔