غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں طویل علالت کے بعد انتقال کرنے والے اسلامی تحریک کے بانی رہنما الشیخ عبداللہ نمر درویش کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ الشیخ عبداللہ درویش کی موت سے فلسطینی قوم ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک تعزیتی بیان میں الشیخ عبداللہ درویش نمر کی قوم اور قضیہ فلسطین کے لیے خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ الشیخ عبداللہ درویش کے انتقال سے نہ صرف مرحوم کا خاندان اور اسلامی تحریک بلکہ پوری فلسطینی قوم صدمے سے دوچار ہے۔ مرحوم قوم کے ایک عظیم سپوت، فلسطینی قوم کا ایک روشن استعارہ، قوم کی فلاح وبہبود کے لیے طویل جدو جہد کرنے والے قوم اور قضیہ فلسطین کے ایک حقیقی خادم سمجھے جاتے تھے۔ ان کی وفات سے پوری قوم دکھ اور صدمے سے دوچار ہے۔
خیال رہے کہ اسلامی تحریک کے بانی الشیخ عبداللہ نمر درویش گذشتہ روز جنوبی فلسطین میں بیتح تکفا شہر میں ہشارون اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔
