غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی قیادت نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، غزہ کی ناکہ بندی اور فلسطینی دھڑوں میں مصر کی مساعی سے ہونے والی مصالحتی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں حماس کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں حماس کے غزہ کے صدر یحییٰ السنوار، جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن صلاح الدین بردویل، سھیل الھندی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جب کہ عوامی محاذ کی طرف سے جمیل مزھر، ھانی الثوابتہ، علام کعبی، حسن منصور اور ماھر مزھر نے شرکت کی۔دونوں جماعتوں کی قیادت نے ملاقات میں غزہ کی پٹی پر اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے مسلط کردہ پابندیوں، فلسطینیوں میں مصالحتی کوششوں، سنہ 2014ء کے بعد غزہ کی تعمیر اور اس میں حائل رکاوٹوں سمیت دیگر قومی امور پر بات چیت کی گئی۔