(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حماس نے غزہ پٹی میں بین الاقوامی اور امداد رسانی کے اداروں کے خلاف صیہونی حکومت کے دباؤ کے بارے میں انتباہ دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف قانوع نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا کہ غزہ پٹی میں سرگرم بین الاقوامی اور امداد رسانی کے اداروں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کا دباؤ جاری رہنا المناک اور خطرناک نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت بین الاقوامی اداروں اور ان کے کارکنوں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پراقدامات کرتی ہے، اقوام متحدہ اور قانونی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ تل ابیب کے ان اقدمات کے بارے میں اپنی خاموشی توڑیں اور اسرائیلی دباؤ کے مقابل بین الاقوامی اداروں کی حمایت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی خفیہ تنظیم "شاباک” اور اس کی پولیس نے حال ہی میں وحید بورش نامی ایک فلسطینی کارکن کو، جو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے دفتر سے وابستہ تھا، اس پر حماس کے ساتھ تعاون اور اس کی مالی مدد کا الزام لگا کر گرفتار کر لیا تھا۔
صیہونی حکومت نے گزشتہ ہفتے بھی غزہ میں ایک امریکی تنظیم "ورلڈ ویژن” کے شعبے کے انچارج محمد حلبی کو حماس کی مالی مدد کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔ مقبوضہ فلسطین میں اقوام متحدہ کے انسان دوستانہ امور کے کوآرڈینیٹر رابرٹ بائـبر نے محمد حلبی پر لگائے گئے اسرائیلی الزامات کی تردید کی ہے۔