غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ مقبوضہ بیت المقدس میں ایک فلسطینی نوجوان کے حملے میں صیہونی فوجی کی ہلاکت کے واقعے اور جوابی فائرنگ میں جام شہادت نوش کرنے کی تحسین کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج پر فلسطینی شہری کا حملہ صیہونی ریاست کے جرائم پر فلسطینیوں کا فطری رد عمل ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دو روز قبل بیت المقدس میں ایک فلسطینی نوجوان نے چاقو کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے جوابی کارروائی میں فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ادھر دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے بیت المقدس میں فدائی حملے کی تحسین کرتے ہوئے اسے صیہونی ریاست کے جنگی جرائم کا فطری رد عمل قرار دیا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں فلسطینی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دشمن کے خلاف مسلح مزاحمت میں مزید تیزی لائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ القدس کے شہری عبدالرحمان بنی فضل نے اپنی جان پر کھیل کر صیہونی دشمن کو یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی قوم صیہونی ریاست کے جرائم کے خلاف پوری قوت سے لڑنے کو تیار ہیں۔
